بنگلورو9؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ سی مہادیوپا نے صحافیوں کو آواز دی ہے کہ سنسنی کے نام پر حقائق کی پردہ پوشی نہ کی جا ئے اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے دیانتداری کے ساتھ خبریں پہنچائی جائیں۔ شہر کے کندایہ بھون میں صحافی یونین کے تجدید شدہ دفتر کا افتتاح اور یوم صحافت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ آزادی سے قبل اخبارات کو کافی اہمیت حاصل تھی،اور انہوں نے عوامی اعتماد کو بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر موجودہ دور میں سنسنی کے نام پر بریکنگ نیوز کے ذریعہ حقائق سے ہٹ کر خبریں پیش کی جارہی ہیں جو جمہوری نظام کیلئے مضر ثابت ہوسکتی ہیں۔ ایسے میں وقت آگیا ہے کہ حقائق کے ذریعہ عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے۔ جمہوریت کے چوتھے ستون صحافت کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، قومی سالمیت اور ترقی پر توجہ دیں تاکہ ایک صالح معاشرہ تشکیل پائے۔ انہوں نے بتایاکہ صحافی یونین کے ذریعہ جو مطالبات کئے گئے ہیں اس پر غور کیاجائے گا۔ان کے مطابق دفتر کی تجدید کیلئے 30لاکھ روپے منظور کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ 11اضلاع میں یونین کے دفاتر موجود نہیں ہیں ایسے میں وزیر اعلیٰ سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے جگہ اور عمارت کی تعمیر کیلئے امداد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر مہادیوپا نے بتایاکہ اطلاعات ورابطۂ عامہ کا قلمدان وزیر اعلیٰ کے پاس ہونے کے سبب ان کے مطالبات فوری طور پر مان لئے جائیں گے۔ اور توقع ظاہر کی کہ صحافیوں کیلئے عنقریب آروگیہ بھاگیہ اسکیم نافذ کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میڈیا کوآرڈینیٹر کے وی پربھاکر ، یونین کے ریاستی صدر این راجو کے علاوہ سینئر صحافی موجود تھے۔